حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے بزرگ عالم دین استاد العلماء، حجت الاسلام و المسلمين علامہ غلام حسن نجفی پرنسپل باب النجف جاڑا ڈیرہ اسماعیل خان طویل علالت کے بعد آج 95سال کی عمر میں اس جہان فانی سے رحلت فرما گئے۔
مرحوم ملی پلیٹ فارم کی مجلس اعلی کے اہم ترین رکن، قومی قیادت کے دیرینہ رفیق جامعہ علمیہ باب النجف ،جامعہ فاطمیہ للبنات جاڑا ڈیرہ اسماعیل خان کے مہتمم اعلی ، ملی پلیٹ فارم خیبر پختونخواہ کے سابق صوبائی مسئول تھے۔
آپ ملک پاکستان کی ایک عظیم علمی شخصیت نیز ملک بھر میں تبلیغی، تعلیمی اور تربیتی شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دیئے و انتہائی سادہ طبیعت کے مالک تھے یقیناً ان کی خدمات ملت اسلامیہ کےلئے ناقابل فراموش ہیں۔
اللہ تعالیٰ بحقِ محمد و آل محمد (ع) ان کی مغفرت فرماۓ اور درجات بلند فرمائے ۔ہم حوزہ نیوز ایجنسی کی جانب سے تمام اہلیان پاکستان اور مومنین، علماء و شاگردان اور لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ خداوند کریم پسماندگان جو صبر جمیل اجر جزیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین
دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
اس موقع پر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان سے جاری تعزیتی بیان کہا کہ بزرگ عالم دین جامعہ علمیہ باب النجف ، جامعہ فاطمیہ (للبنات) جاڑا کے مہتمم اعلیٰ، ملی پلیٹ فارم کی مجلس اعلیٰ کے اہم رکن، ملی جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنے والی شخصیت اور صوبہ خیبر پختونخوا مین ملی پلیٹ فارم کے سابق صوبائی مسئول حجت الاسلام والمسلمین علامہ غلام حسن نجفی جاڑا 95 سال کی عمر مین طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔پسماندگان، علما کرام، طلاب عظام اور ارادتمندون کی خدمت مٰن تعزیت پیش کرتے ہیں۔علامہ غلام حسن نجفی کیلئے دعائے مغفرت و بلندی درجات اور نماز وحشت قبر کی استدعا ہے۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بزرگ عالم دین علامہ غلام حسن جاڑا کی وفات پر دلی افسوس اور گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ علمیہ باب النجف جاڑا ،ڈیرہ اسماعیل خان کے مہتمم اعلی ،أستاد العلماء حجت الاسلام والمسلمين علامہ غلام حسن نجفی کی رحلت نے حلقہ علم و ادب اور مومنین کو سوگوار کردیا. مرحوم نے پوری زندگی سادگی کے ساتھ خدمت اسلام و مسلمین میں گزاری ۔ آپ نہایت متواضع، با عمل، با تقوی اور خوش اخلاق عالم دین تھے۔ ایسے عالم دین کے وجودِ با برکت سے محرومی بیشک ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ خداوندمتعال بحق محمد وآل محمد ﷺ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جوار معصومین علیہم السلام میں ابدی و سرمدی سکون عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین یا رب العالمین.
جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ پاکستان
جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ممتاز عالم الدین حجت الاسلام والمسلمین علامہ حسن نجفی جاڑا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم با عمل، پرنسپل مدرسہ باب النجف جاڑا علامہ غلام حسن نجفی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے، دکھ کی اس گھڑ میں مرحوم کے خانوادہ، شاگردان و عقیدت مندان کی خدمات میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔